لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق محمد حفیظ کو ابتدائی اسکواڈ میں جگہ نہیں ملی تھی، اب وہ پہلی دستیاب پرواز سے دبئی روانہ ہوں گے۔اسکواڈ کے اعلان سے کچھ ہی دن قبل آل راوںڈر محمد حفیظ نے لاہور میں جاری قائد اعظم ٹرافی میں پشاور کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کی تھی اور اس سے پہلے ایک اننگ میں چھ وکٹں بھی حاصل کی تھیں۔
ان کی شاندار پرفارمنس اور ٹیم کی کمزور بیٹنگ لائن کو دیکھتے ہوئے امید کی جارہی تھی کہ انہیں پاکستانی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا جائے گا،پیر کی صبح سلیکشن کمیٹی نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے محمد حفیظ کا نام بھی اسکواڈ میں شامل کردیا ہے۔ اس اضافے کے بعد قومی ٹیم کا اسکواڈ 18 رکنی ہو جائے گا۔محمد حفیظ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم کا حصہ تھے لیکن انہیں بنا کوئی میچ کھلائے ایشیا کپ کے لیے ڈراپ کردیا گیا تھا۔