اسلام آباد: برطانیہ کے پارلیمانی افسران اور اسکالرز پرمشتمل وفد نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کی، وفد میں شامل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ڈیمز فنڈز میں عطیہ بھی دیا۔
ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق لارڈ ڈیوڈ پیٹرک کی سربراہی میں آنے والے برطانوی وفد کو چیف جسٹس نے پاکستان کے عدالتی نظام کے بارے میں بتایا اور دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔ چیف جسٹس نے آئین پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق اور اقلیتوں کو دیئے گئے تحفظ سے متعلق وفد کو آگاہ کیا اور پاکستان میں اقلیتی برادری کی صورتحال کے بارے میں بتایا جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ڈیم فنڈ کے لیے عطیہ بھی دیا گیا اور برطانوی وفد نے ملاقات کے لیے وقت دینے پرچیف جسٹس کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر وفد نے پاکستان کے بارے میں اچھے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔