چارسدہ: جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ متحدہ اور متحرک اپوزیشن کے قیام تک رابطے جاری رکھیں گے۔ولی باغ میںاے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملاقات کا مقصد اپوزیشن جماعتوں کو ایک صفحے پر لانا ہے،اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتوں کے لیے نوازشریف کو اعتماد میں لے لیا ہے جبکہ تمام اپوزیشن جماعتیں کالا باغ ڈیم کے خلاف ہیں۔
اے این پی کے سربراہ اسفند یارولی نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ہیں، مولانا جب اور جہاں بلائیں گے ہم پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں آسانی سے دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج پولنگ اسٹیشن کے اندر تعینات نہ کی جائے۔اسفند یارولی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیلیکٹڈ وزیراعظم جو بیان دیتا ہے اسے اوپر سے فون آتا ہے کہ یہ کیسا بیان دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ سیلیکٹڈ وزیراعظم بیان تبدیل کرتے رہتے ہیں۔