افغانستان میں انتخابی جلسے کے دوران خود کش دھماکا، 13 ہلاک

 

ننگرہار: افغانستان میں انتخابی جلسے کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے ضلع کامہ میں امیدوار عبد الناصر محمد کا انتخابی جلسہ جاری تھا کہ خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے آڑا لیا، جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے ۔

صوبے ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد امدادی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 25 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ، جن میں 3 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ تاحال حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔افغانستان میں رواں ماہ کی 20 تاریخ کو پارلیمانی انتخاب ہونے جا رہے ہیں جس میں 2 ہزار 5 سو امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم اب تک 5 امیدواروں کو قتل کیا جا چکا ہے جب کہ انتخابی کاغذات جمع کرانے اور الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کرنے والوں پر بھی 3 بار خود کش حملہ کیا گیا تھا۔