ٹائیفون کی زد میں آکر 4 افراد ہلاک، 120 زخمی

 

ٹوکیو: جاپان میں آنے والے سمندری طوفان ٹائیفون کی زد میں آکر 4 افراد ہلاک جبکہ 120 زخمی ہو گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان ٹائیفون جاپان میں تباہی مچانے کے بعد تھم گیا ہے لیکن طوفان کی زد میں آکر 4 افراد ہلاک جبکہ 120 افراد زخمی ہوگئے۔ مغربی جاپان میں 25 سال کے سب سے طاقتور طوفان میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

طوفان ٹائیفون کے سبب جاپان کے شہر اوساکا میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کئی گھر تباہ ہو گئے جس کے باعث ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا جب کہ سڑکوں پر درخت، ہورڈنگز اور کھمبے گرنے کی وجہ سے بھی کئی افراد زخمی ہوئے۔

شدید طوفانی بارشوں اور 216 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث ریلوے کی پٹریوں کو بھی نقصان پہنچا جس کے باعث ٹرین سروس بند کردی گئی۔ اسی طرح خراب موسم کی وجہ سے کنسائی ایئرپورٹ کو بھی بند کردیا گیا۔ خراب موسم کے باعث مجموعی طور پر 200 سے زائد پروازیں معطل کی گئیں۔

جاپان کی حکومت نے طوفان کے تھم جانے اور خطرہ ٹل جانے کی اطلاع دیتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور بلا ضرورت نقل و حرکت سے گریز کریں۔ متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔

اوساکا میں ایمرجنسی نافذ ہے اور متاثرین کی امداد کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جب کہ سڑکوں پر سے رکاٹوں کو ہٹایا جا رہا ہے۔ بجلی کی معطلی کے باعث امدادی کاموں میں دشواریوں کا سامنا ہے۔