کوئٹہ:کوئٹہ میں ایک با ر پھر اسٹریٹ کرائم کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، گزشتہ 3ماہ کے دوران 900 سے زائد وارداتوں میں شہریوں کو ان کے موٹر سائیکل، موبائل فونز اور نقدی سے محروم کر دیا گیا۔
کوئٹہ میں ا سٹریٹ کرائم میں ملوث افراد ایک بار پھر سر گرم ہوگئے،کہیں شہریوں کو سرعام موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا جاتا ہے تو کہیں اسلحہ دیکھا کر قیمتی موبا ئل، نقدی اور دیگر اشیاء چھین لیتے ہیں۔
پولیس ان وارداتوں پر اب تک قابو نہیں پا سکی ، پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جولائی سے ستمبر تک موبا ئل، موٹر سا ئیکل چھیننے ، راہزنی اور چوری کی900سے زائد وارداتوں کے مقد مات درج ہوئے ۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسٹر یٹ کرائم کی جن وارداتوں کی ایف آئی آر ہی نہیں کٹی ان کی تعداد بھی سینکڑوں میں ہے۔
شہر میں اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، کہیں پر بھی کوئی مجرم اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل، موبائل اور نقدی لوٹ لیتا ہے۔
شہر میں پولیس مدد گار اور ایگل فورس اسٹریٹ کرائم جیسے جرائم روکنے کیلئے ہی بنائی گئی تھیں اور ان کو خصوصی تربیت سے گزارا گیا لیکن جرائم ہیں کہ کم ہونے کی بجائے بڑھتے ہی جارہے ہیں، ان وارداتوں کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق جلد ہی شہر میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کی ایگل فورس کی مزید 200سے زائد اہلکاروں کی نفری متاثرہ علاقوں میں موٹر سائیکل گشت پر تعینا ت کی جائے گی۔