کراچی:نیپرا نے کراچی میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ اور بڑے بریک ڈاؤن پر سخت نوٹس لے لیااور کے الیکٹرک سے فوری تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔
اتھارٹی کی کے الیکٹرک ناقص ڈسٹری بیوشن سسٹم پر تشویش کی اورکہا کہ کے الیکٹرک اپنے ڈسٹری بیوشن اور ترسیلی نظام کی بہتری کیلئےسرمایہ کاری نہیں کر رہی۔
نیپرا اعلامیے کے مطابق 2اکتوبر کو کراچی شہر میں بجلی کا ایک اور بڑا بلیک آؤٹ ہوا جسے کے الیکٹرک نے ایکسٹرا ہائی ٹینشن نیٹ ورک کی ٹرپنگ سے منسوب کیا ۔
اعلامیے میں میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لمبے دورانیے کے بجلی تعطل سے کراچی کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی کابریک ڈاؤن سے ڈیفنس ، کلفٹن، گڈاپ صدر کورنگی ، لانڈھی ناظم آباد اور لیاری سمیت متعدد علاقے متاثر ہوئے ۔
اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک کال سینٹرز 118 کے عملہ نے بار بار کوششوں کے باوجود صارفین کی شکایات پر توجہ نہ دی ۔
نیپرا نے بریک ڈاؤن کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے صورتحال کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات کی تفصیل بھی طلب کی ہے ۔