کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سی پیک کے منصوبوں کا ازسر نو جائزہ لے رہے ہیں اور بلوچستان کو اس کا جائز حق دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد پر زرغون روڈ اور ملحقہ سڑکوں کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم عمران خان سے بلوچستان کابینہ کے اراکین نے ملاقات کیس جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے وزیراعظم کو صوبےکو درپیش مالی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاق بلوچستان کے ساتھ بطور پارٹنر کام کرےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سابقہ تجربہ کار حکمرانوں نے ملک کو نقصان پہنچایا، ہم کوئی ایسا وعدہ نہیں کریں گے جس پر بعد میں معذرت کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مالی مشکلات کا شکار ہے، ہمیں امید ہے کہ ہم اس مشکل سے جلد چھٹکارا پالیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک معاہدے کا از سر نو جائزہ لے رہے ہیں، سی پیک میں بلوچستان کو جائز حصہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور گوادر بندرگاہوں کو فعال کیے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے۔بلوچستان کی مالی سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ دی جائے، بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے وفاق بھرپور کردار ادا کرےگا۔
وزیراعظم نے صوبائی سیکرٹریٹ میں گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے علیحدہ ملاقات بھی کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہود، ترقی و خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئےکار لائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لئے پرعزم ہے اور بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری رہےگا۔