لاہور:وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیِ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب کو بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران لاہور ڈویژن کے 4 اضلاع میں 250 ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی پر قبضہ ختم کرایا گیا اور واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت 7 ارب روپے سے زائد ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف موثر انداز میں آپریشن جاری رکھا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ طاقتور قبضہ مافیا کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واگزار کرائی گئی زمین کے بہترین استعمال کے لئے تجاویز پیش کی جائیں، ہر ضلع میں انسداد تجاوزات سیل بنانے بنایا جائے گا۔
صوبائی وزیر ہاوسنگ میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ عوام قبضہ مافیا کے بارے میں انسداد تجاوزات سیل کو اطلاع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مہم کو کامیاب ہونے تک جاری رکھا جائےگا۔
خیال رہے کہ میڈیا پر اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ لاہور انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن اچانک روک دیا ہے۔