لاطینی امریکہ کے ملک ہیٹی میں پانچ اعشاریہ نو شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے باعث 11 افرا ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیٹی میں گزشتہ شب زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ لینڈ سلائیڈنگ، چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے کے کچھ ہی دیر بعد دو آفٹر شاکس بھی آئے۔ اس حوالے سے ہیٹی کی انتظامیہ کو ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔
زلزلے کے جھٹکے ہیٹی کے تمام ہی حصوں میں محسوس کیے گئے تاہم سب سے زیادہ تباہی دارالحکومت پورٹ او پرنس میں ہوئی جہاں 5 ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے۔