لندن: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوسی شہزاد اکبر کے الزامات کو مسترد کرتےہوئے کہاکہ میری پاکستان سے باہر لندن میں تو کیا دنیا میں کہیں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے،لندن میں دو فلیٹس کی ملکیت سے متعلق شہزاد اکبر کے الزامات حقائق کے منافی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ الزامات میرے خلاف چلائی گئی منفی مہم کا حصہ ہیں، اگر شہزاد اکبر سچے ہیں تو فلیٹس کی تفصیلات منظر عام پر لائیں۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ اصل مسائل سے نمٹنے میں ناکامی پر وزراء عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے الزامات لگا رہے ہیں جب کہ شہزاد اکبر کے الزامات پی ٹی آئی کی روایتی سیاست کا حصہ ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت انتقامی کارروائیوں کے لیے نیب کو استعمال کر رہی ہے۔