لاہور: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہائوس میں اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنر چوہدری محمد سرور سمیت پنجاب کابینہ کے اراکین شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی حکومت کے 100 روزہ پلان پر تبادلہ خیال اور ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن سیکٹر میں ٹاسک فورسز سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن، کلین اینڈ گرین پنجاب، اپنا گھر اسکیم اور بلدیاتی نظام پر بریفنگ دی گئی،
اجلاس میں وزیراعظم نے پنجاب میں کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمینوں پر موجود کچی آبادیوں کے مکینوں کو رعایت دی جائے جبکہ پرائیویٹ زمینوں پر قائم کچی آبادیوں کے بارے میں عدالتی احکامات پر عمل کیا جائے۔
پنجاب کابینہ نے استعمال شدہ ٹریکٹر درآمد کرنے کی سفارش کی تو وزیر اعظم نے کسانوں کیلیے سیکنڈ ہینڈ ٹریکٹر درآمد کرنے کی تجویز وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک گیر صفائی اور شجرکاری مہم میں صوبائی حکومت بھر پور ساتھ دے۔ وزیراعظم کل سے ملک بھر میں صفائی مہم کا آغاز کریں گے۔ اس مہم کو “کلین اینڈ گرین” پاکستان کا نام دیا گیا ہے جس کا آغاز ملک کے تمام بڑے شہروں سے ہوگا۔