کراچی:کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑی وجہ منشیات کو قرار دیتے ہوئے منشیات کے 30 بڑے اڈوں کی فہرست جاری کردی گئی ہے جن کے خلاف کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیرشیخ کی جانب سے فوری کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو ان کے علاقوں میں منشیات کے اڈوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں فوری بند کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جیز کو لکھے گئے خط میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ ملزمان اور منشیات فروشوں کے درمیان گہرا گٹھ جوڑ اور ہر جرم کے پیچھے منشیات کا استعمال پایا گیا۔
کراچی کے کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات بھی منشیات استعمال کر رہے ہیں، منشیات کے دھندے کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا ہے کہ منشیات معاشرے اور خاص طور پر نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اپنے خط میں منشیات کے جن اڈوں کی نشاندہی کی ہے ان میں محمودآباد کے علاقے چنیسر گوٹھ میں منشیات کا بڑا اڈا سرفہرست ہے۔
ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے اپنے خط میں پی آئی بی کالونی میں عیسیٰ نگری اور سبزی منڈی کے قریب مینا کے منشیات کے اڈے، کورنگی میں زمان ٹاؤن میں منشیات فروشی، فریئر اور ڈیفنس تھانوں کی حدود کالاپل کے قریب ریلوے کالونی میں منشیات کا دھندے کی نشاندہی کی ہے۔