وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری کی گاڑی چھین لی گئی

کراچی:کراچی سے وزیرِاعلیٰ ہاؤس کے ڈپٹی سیکرٹری عبدالشکور کی سرکاری گاڑی چھین لی گئی۔کراچی کے علاقے بہادر آباد سے گاڑی اس وقت چھینی گئی جب عبدالشکور کا ڈرائیور ان کے بیٹے کو کوچنگ سینٹر چھوڑنے آیا تھا۔
پولیس کے مطابق اسلحے کے زور پر تین ملزمان ٹویوٹا کرولا جی ایس اے 720 چھین کر فرار ہوگئے، ابتدائی رپورٹ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ میئر کراچی وسیم اختر کی سرکاری گاڑی بھی چھینے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ڈیفنس خیابان بخاری میں ملزمان میئر کراچی کی سرکاری گاڑی اسلحے کے زور پر چھین کر فرار ہو گئے تھے تاہم واقعے کے وقت میئر کراچی گاڑی میں موجود نہیں تھے۔
گزشتہ دو سال کے دوران کراچی میں سرکاری گا ڑیاں چھینے جانے کے 64 واقعات پیش آئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ 2017 اور 2018 کے دوران 25 سرکاری گاڑیاں چوری اور 39 گاڑیاں چھینی گئیں ہیں جبکہ گزشتہ ماہ سے اب تک 4 سرکاری گاڑیاں چھینی گئی ہیں۔