لاہور: پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے بقیہ مہینوں کیلئے بجٹ پیش کردیا،وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم بخت نے رواں سال کے لیے بجٹ پیش کیا۔
وزیر خزانہ مخدوم ہاشم بخت نے کہاکہ رواں مالی سال کے بقیہ مہینوں کیلئے 20 کھرب 26 ارب 57 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ سابق حکومت کی ترقی اشتہارات تک محدود تھی لیکن ہم خوراک، تعلیم، اپنا گھر اور بنیادی سہولیات پر توجہ دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب کا بجٹ نئے پاکستان کی راہ ہموار کرے گا۔صوبائی وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ کا حجم 20 کھرب 26 ارب 57 کروڑ روپے ہے جب کہ مالی سال میں عمومی محصولات کی مد میں 1652 ارب روپے کا تخمینہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی محاصل پول سے پنجاب کو 1276 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے اور صوبائی محصولات کی مد میں 376 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاری اخراجات کا کل تخمینہ 1264 ارب روپے ہے اور تنخواہوں کی مد میں 313 ارب روپے کی ادائیگی کا تخمینہ ہے۔
وزیر خزانہ پنجاب کے مطابق پینشن کی مد میں 207 ارب روپے، مقامی حکومتوں کے لیے 438 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سالانہ ترقیاتی اخراجات کے لیے 238 ارب روپے، تعلیم کے شعبہ کے لیے 373 ارب اور صحت کے شعبہ کے لیے 284 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔