کراچی میں دوبارہ بارش کا امکان،محکمہ موسمیات کا الرٹ
مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 5 اپریل کو ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے اثرات سندھ میں بھی نظر آئیں گے
کراچی میں 6 اپریل کو بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق 5 اپریل سے ایک نئی مغربی لہر بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے اثرات 6 اپریل کو کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں ظاہر ہوں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، کشمور اور گھوٹکی میں کہیں کہیں تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ آندھی اور گرج چمک بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ جامشورو، دادو، قمبر شہدادکوٹ، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میرپورخاص، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور کراچی ڈویژن میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، آسمانی بجلی اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں اور کچے ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
یاد رہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران کراچی میں گزشتہ روز 38.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے 41 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل 1985 میں 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ شدید بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا اور شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا تھا۔
ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں سب سے زیادہ 48 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ راولپنڈی، اٹک، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی اچھی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان موجود ہے۔