صدر آصف زرداری کی چوہدری شجاعت سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
اہم بیٹھک میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے
فوٹو مقامی میڈیا
لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی ہے، جس میں ان کی خیریت دریافت کرنے سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت حسین کی صحت و عافیت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں سینئر سیاستدانوں کے درمیان ملکی سیاسی منظرنامے اور اہم امور پر مشاورت بھی ہوئی۔
اس اہم بیٹھک میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے، جنہوں نے گفتگو میں حصہ لیا۔