عطاء تارڑ کا مولانا فضل الرحمان سے متعلق بیان حقائق سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،ترجمان جے یو آئی

جے یو آئی ترجمان نے ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان اور لندن، جدہ روانگی پر سوالات اٹھا دیے

November 27, 2026 · قومی

عطاء تارڑ کا مولانا فضل الرحمان سے متعلق بیان حقائق سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،ترجمان جے یو آئی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمان سے متعلق عطاء تارڑ کے بیان کو حقائق سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی حرکت قرار دیتے ہوئے نواز شریف اور شہباز شریف سے سوال کیا ہے کہ کیا عطاء تارڑ ان کی زبان بول رہے ہیں؟

اسلم غوری نے کہا کہ عطاء تارڑ دوسروں کی حب الوطنی پر انگلی اٹھانے سے پہلے میاں نواز شریف کے متنازع بیانات کا جواب دیں۔ ممبئی حملوں کے معاملے پر نواز شریف نے پاکستان کے خلاف جو بیان دیا، عطاء تارڑ بتائیں کہ وہ کس کے مؤقف کی ترجمانی تھی؟

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ مسلم لیگ اپوزیشن میں اداروں پر تنقید کرتی ہے اور حکومت میں انہی اداروں کے پیچھے چھپتی ہے۔ دوسروں سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ مانگنے والے پہلے اپنی قیادت کی سیاسی تاریخ کا حساب دیں۔

اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے تمام مکاتب فکر کو متحد کرکے پاکستان میں خودکش حملوں اور مسلح جدوجہد کے خلاف متفقہ فتویٰ دلوایا، جس کی وجہ سے انہیں خود تین خودکش حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ دہشت گردی کا سب سے زیادہ نشانہ جے یو آئی بنی اور جماعت کے سینکڑوں کارکن اور قائدین شہید ہوچکے ہیں۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ اپنے کارکنوں کا خون دینے والی جماعت کو حب الوطنی کا درس دینا سیاسی کم ظرفی ہے۔ آمریت کی گود میں سیاسی پرورش پانے والوں کے منہ سے جمہوری قوتوں کو عسکریت پسندی کے طعنے زیب نہیں دیتے۔

اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مرنا جینا پاکستان کے ساتھ ہے اور انہیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ ان کی پاکستان سے وفاداری ان کی جدوجہد اور قربانیوں سے ثابت ہے، سیاسی بیانات سے نہیں۔

ترجمان جے یو آئی نے مسلم لیگ (ن) سے سوال کیا کہ اقتدار سے محرومی کے بعد ملک میں سیاسی جدوجہد کرنے کے بجائے لندن اور جدہ کا رخ کیوں کیا جاتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کبھی سیاسی مشکلات میں ملک سے فرار نہیں ہوئے۔

اسلم غوری نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا دامن حدیبیہ پیپر ملز اور ایون فیلڈ جیسے داغوں سے پاک ہے۔