مولانا عبدالغفوری حیدری سمیت جمعیت علمائے اسلام کے متعدد رہنما گرفتار، ترجمان کا دعویٰ
حکومت ہوش کے ناخن لے، رہنماؤں کو فی الفور رہا نہیں کیا تو حالات کی ذمہ داری حکومت پنجاب پر ہوگی ، اسلم غوری
فائل فوٹو
کراچی: جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں جماعت کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور پنجاب کے امیر سمیت متعدد رہنماؤں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
جعمیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سرگودھا جلسے میں رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر جمعیت علمائے اسلام پنجاب مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جمعیت طلبہ اسلام (جے ٹی آئی) ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
صوبائی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے اسلم غوری نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، رہنماؤں کو فی الفور رہا نہیں کیا تو حالات کی ذمہ داری حکومت پنجاب پر ہوگی۔
ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ کیا ملک میں مارشل لا لگ چکا ہے، سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے، مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہیں، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے۔
ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ مولانا عبد الغفور حیدری رکن قومی اسمبلی ہیں،کیا ان کی گرفتاری اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے لہٰذا حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوش گوار صورت حال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ جےیوآئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔