گلوکار محسن رضا خان عرف بنی انتقال کرگئے

مرحوم محسن رضا خان کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے،دوست ڈاکٹرشفاقت علی

November 24, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: معروف گلوکار محسن رضا خان عرف بنی 74 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

کراچی میں ان کے ایک دوست ڈاکٹرشفاقت علی کے مطابق مرحوم محسن رضا خان کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ محسن رضا خان کا انتقال آج صبح فجر سے پہلے ہوا، انہیں گزری کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

شفاقت علی کے مطابق محسن رضا کی وصیت ہے کہ انہیں والد کی قبر کے ساتھ دفن کیا جائے

انہوں نے مزید بتایا کہ محسن رضا خان کا بیٹا لندن میں مقیم ہے، رابطہ کیا ہے، بیٹے کی اجازت کے بغیر تدفین نہیں کرسکتے۔

مرحوم بنی نے 1980 کی دہائی کے آخر اور 1990 کی دہائی میں ’’دیوانہ‘‘، ’’آ بھی جا‘‘ اور ’’بھنگڑا از کنگ‘‘ جیسے سپر ہٹ گانوں سے شہرت حاصل کی۔

لیکن ’’دل میں تم، ہونٹوں پہ تم، آنکھوں میں جانِ جاں‘‘ ان کی پہچان بنا اور پاکستان کی پاپ موسیقی کی دنیا میں انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔