افغان طالبان سربراہ کی جنگجوؤں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد

میدان وردک کے دورے میں علما کے احترام، عدالتی نظام اور سکیورٹی مضبوط بنانے پر بھی زور

November 21, 2026 · بام دنیا

افغان طالبان سربراہ کی جنگجوؤں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد

افغان طالبان کے سپریم لیڈر شیخ ہبت اللہ اخوندزادہ نے طالبان ارکان اور جنگجوؤں کی نقل و حرکت پر پابندیاں سخت کرتے ہوئے انہیں اپنی اجازت کے بغیر ایک مقام سے دوسرے مقام پر جانے سے منع کر دیا ہے۔ انہوں نے ایسے اقدام کو معصیت (نافرمانی) قرار دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو واپس بھیجا جائے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی عہدے یا حیثیت سے ہو۔

میدان وردک کے حالیہ دورے کے دوران طالبان حکام سے خطاب کرتے ہوئے ہبت اللہ اخوندزادہ نے کہا کہ ان کی اجازت کے بغیر ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا معصیت ہے اور کسی کو بھی ان کی اجازت کے بغیر کہیں جانے کی اجازت نہیں۔

افغان طالبان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں اس بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سپریم لیڈر نے یہ ہدایات جاری کی ہیں اور انہیں ذرائع کے حوالے سے بیان کیا جا سکتا ہے۔

عہدیدار کے مطابق ہبت اللہ اخوندزادہ نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص اجازت کے بغیر جاتا ہے تو وہ امارت اسلامیہ کا رکن نہیں ہے اور اس کے رکن ہونے کے دعوے جھوٹے ہیں۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ایسے افراد کو واپس بھیجا جائے۔

افغان طالبان کے سربراہ ماضی میں بھی جنگجوؤں کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے مختلف احکامات جاری کرتے رہے ہیں، جن میں سرحد پار سرگرمیوں اور اندرونی نظم و ضبط سے متعلق پابندیاں شامل ہیں۔

تاہم حالیہ حکم کے بارے میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا اس کا اطلاق افغانستان میں مبینہ طور پر مقیم پاکستانی طالبان پر بھی ہوگا یا نہیں۔ پاکستان افغان طالبان پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی سرپرستی اور افغانستان سے سرحد پار حملوں کے الزامات عائد کرتا ہے، تاہم افغان حکام ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ٹی ٹی پی کے جنگجو بھی ہبت اللہ اخوندزادہ کا یہ بیان میڈیا کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔

میدان وردک کا دورہ اور حکام کو ہدایات

ہبت اللہ اخوندزادہ نے طالبان انٹیلی جنس کے سربراہ ملا عبدالحق واثق اور غزنی و زابل کے گورنروں کے ہمراہ میدان وردک کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے صوبے کے گورنر الحاج ملا خیراللہ خیرخواہ اور متعدد مقامی حکام سے ملاقات کی۔

ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورت حال، احکامات کی اطاعت، باہمی ہم آہنگی اور انتظامی امور کو بہتر انداز میں چلانے پر گفتگو کی گئی۔

طالبان سربراہ نے علم و تعلیم کے فروغ، علما کے مقام و مرتبے کے احترام، انصاف کے قیام، معاشرتی اصلاح، اتحاد، اطاعت اور سکیورٹی مضبوط بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ علم ہر وادی تک پہنچنا چاہیے اور علما کا احترام کیا جانا چاہیے کیونکہ نظام کی بقا اور مضبوطی علما سے مشاورت اور علمی طبقے کی قدر و منزلت میں مضمر ہے۔

انہوں نے طالبان حکام کے درمیان اتحاد اور باہمی احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظام کی مضبوطی اور بقا کے لیے تمام ذمہ داران کو ہم آہنگی اور اطاعت کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینے چاہییں اور نظام کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

عدالتی نظام اور سکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون پر زور

عدالتی حکام سے خطاب کرتے ہوئے ہبت اللہ اخوندزادہ نے کہا کہ عدالتیں اسلامی نظام اور جہاد کے مقاصد کو عملی جامہ پہنائیں گی۔

انہوں نے دیگر حکام کو ہدایت کی کہ وہ عدالتوں، امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے ادارے اور سکیورٹی مجاہدین کے ساتھ مستقل تعاون اور ہم آہنگی قائم رکھیں تاکہ معاشرے میں انصاف مضبوط ہو، بدعنوانی کا خاتمہ ہو، معروفات قائم ہوں اور سکیورٹی مزید بہتر بنائی جا سکے۔

مسجد اور 200 بستروں کے ہسپتال کا سنگ بنیاد

دورے کے دوران طالبان سربراہ نے میدان وردک میں سابقہ انتظامیہ کے دور میں تباہ ہونے والی جامع مسجد کی جگہ نئی مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس کے علاوہ انہوں نے 29 جریب زمین پر 365 ملین افغانی سے زائد لاگت سے تعمیر ہونے والے 200 بستروں کے ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

اجلاس کا اختتام ہبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے نظام اور عوام کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔

جنگجوؤں کے اسمارٹ فونز کے استعمال پر پابندی

نومبر 2026 میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کابل میں وزارت دفاع کے ایک اجلاس کے دوران تمام طالبان جنگجوؤں کے اسمارٹ فونز استعمال کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی۔

انہوں نے اسمارٹ فونز کے استعمال کو وقت کے ضیاع اور فتنے کا سبب قرار دیتے ہوئے وزارت دفاع کے انٹیلی جنس حکام کو پابندی پر سختی سے عمل درآمد کی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔