اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر نے اسرائیلی سفیر سے ملاقات کیوں کی

یہ کارروائی ان کی سرکاری ذمہ داریوں کا حصہ تھی، کیونکہ اسرائیل بھی اس کانفرنس کا رکن ہے۔

November 21, 2026 · امت خاص
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر نے اسرائیلی سفیر سے ملاقات کیوں کی

اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر نے اسرائیلی سفیر سے ملاقات کیوں کی

جنیوا: پاکستان کے دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر طاہر اندرابی کی جانب سے اسرائیل کے نئے سفیر کی اسناد وصول کرنے کے معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کا پاکستان کی اسرائیل سے متعلق پالیسی میں تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں

پاکستانی سفیر طاہر اندرابی نے 16 نومبر 2026 کو جنیوا میں کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کے صدر کی حیثیت سے اسرائیل کے نئے سفیر کی اسناد وصول کی تھیں۔ یہ کارروائی ان کی سرکاری ذمہ داریوں کا حصہ تھی، کیونکہ اسرائیل بھی اس کانفرنس کا رکن ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ ایک رسمی اور ضابطے کی کارروائی تھی، اس موقع پر نہ مصافحہ کیا گیا اور نہ ہی کوئی دوطرفہ ملاقات یا سفارتی رابطہ ہوا۔

پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور پاکستان بدستور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے۔

اس واقعے کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی، جہاں اسرائیلی سفیر کی اسناد وصول کرنے کے عمل پر مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے صدر کی حیثیت سے طاہر اندرابی اس سے قبل ترکیہ، آئرلینڈ، جرمنی، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کے نئے سفیروں کی اسناد بھی وصول کر چکے ہیں۔ کانفرنس کی صدارت رکن ممالک کے درمیان باری باری منتقل ہوتی ہے اور صدر یہ ذمہ داری کسی ایک ملک کے نمائندے کے بجائے پوری کانفرنس کی جانب سے انجام دیتا ہے۔