تہران جو معاہدہ چاہتا ہے وہ واشنگٹن کے لیے قابلِ قبول نہیں، ٹرمپ

ایرانی قیادت گذشتہ 51 برس سے دنیا کو گمراہ کرتی رہی ہے ، میڈیا سے گفتگو

November 20, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران معاہدہ تو کرنا چاہتا ہے، تاہم وہ ایسا معاہدہ نہیں چاہتا جو واشنگٹن کے لیے قابلِ قبول ہو۔

وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ’حقیقی معاہدہ‘ چاہتا ہے، نہ کہ ’فرضی معاہدہ‘۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ایرانی قیادت گذشتہ 51 برس سے دنیا کو گمراہ کرتی رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے حالیہ دورۂ ایشیا کو ’امریکی تاریخ کے کامیاب ترین صدارتی دوروں میں سے ایک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چار روزہ دورے کے دوران انھوں نے 20 سے زائد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، دو نئے تجارتی معاہدے حاصل کیے، چار بڑی بین الاقوامی سربراہی کانفرنسوں میں شرکت کی اور خطے میں امریکی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے ذریعے امریکہ نے عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے بھی پیش رفت کی۔

صدر ٹرمپ نے امریکی معیشت کی کارکردگی کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس دورے میں ’غیر معمولی اقتصادی اور سفارتی طاقت‘ کی پوزیشن سے داخل ہوا۔

ان کے مطابق امریکی معیشت دیگر بڑی ترقی یافتہ معیشتوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ترقی کر رہی ہے، ملک میں مسلسل 10 ماہ سے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں بھی 20 فیصد کمی آئی ہے۔