چینی الیکٹرک کار کمپنی بی وائی ڈی نے رولز رائس کو بھی ٹکر دے دی
20 لاکھ 80 ہزار یوآن ابتدائی قیمت، چین میں پیشگی بکنگ شروع ہوگئی
چینی الیکٹرک کار کمپنی بی وائی ڈی نے رولز رائس کو بھی ٹکر دے دی
چینی کمپنی بی وائی ڈی نے اپنی نئی انتہائی لگژری الیکٹرک سیڈان ’یانگ وانگ آلٹیور‘ متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی، جو جدید ڈیزائن، شاہانہ اندرونی سہولیات اور جدید فیچرز کے باعث رولز رائس گھوسٹ اور مرسڈیز بینز مے بیک ایس کلاس جیسی لگژری گاڑیوں کے مقابل پیش کی جارہی ہے۔ گاڑی 27 نومبر کو گوانگژو آٹو شو 2026 میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یانگ وانگ آلٹیور کو 7 نومبر کو متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ایک عالمی تقریب کے دوران متعارف کرایا گیا تھا۔
یہ بڑی لگژری سیڈان 5,600 ملی میٹر لمبی ہے، جبکہ اس کا وہیل بیس 3,500 ملی میٹر ہے۔ گاڑی کے بیرونی ڈیزائن میں 137 قیمتی پتھروں کی تراش جیسے عناصر پر مشتمل نمایاں فرنٹ گرِل، پالش شدہ مونو بلاک ڈش وہیلز اور 24 قیراط خالص سونے کا سامنے نصب نشان شامل ہے۔
گاڑی کے اندرونی حصے میں بھی غیر معمولی لگژری سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں ڈائنا آڈیو کے 39 اسپیکرز، زیرو گریویٹی ریئر سیٹس، 5.5 لیٹر گنجائش والے دو ریفریجریٹرز اور چھت پر نصب 21.4 انچ کی اسکرین شامل ہیں، جبکہ اس کے علاوہ تین مزید ڈسپلے بھی دیے گئے ہیں۔
چین میں گاڑی کی پیشگی بکنگ شروع ہوچکی ہے، جبکہ اس کی ابتدائی قیمت 20 لاکھ 80 ہزار یوآن مقرر کی گئی ہے، جو تقریباً 3 لاکھ 11 ہزار 540 امریکی ڈالر بنتی ہے۔