حیدرآباد: موٹرسائیکل پارکنگ کے معاملے پر دکانداروں نے ٹریفک پولیس اہلکار کی وردی پھاڑ دی

پولیس نے تشدد کرنے والے دکاندار کو گرفتار کیا تو دیگر مشتعل دکانداروں نے دھاوا بول کر چھڑوالیا ، کئی موٹر سائیکلیں ضبط

November 17, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 

حیدرآباد : صدر موبائل مارکیٹ میں موٹرسائیکل کی پارکنگ کے مسئلے پر دکانداروں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کے مابین تلخ کلامی کے بعد جھگڑے کے دوران ٹریفک پولیس اہلکار کی وردی پھاڑ دی گئی۔

تھانہ کینٹ کی حدود بھرگڑی موبائل مارکیٹ میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب ایک دکاندار نے اپنی موٹرسائیکل دکان کے باہر پہلے سے موجود موٹرسائیکلوں کے سامنے پارک کرنے کی کوشش کی جس پر وہاں تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں نے دکاندار کو موٹرسائیکل پارک کرنے سے روکا جس پر دونوں کے مابین تلخ کلامی شروع ہوگئی اور بعدازاں نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی جس کے دوران ٹریفک اہلکار ثمر عباس پر تشدد کرتے ہوئے اس کی وردی پھاڑ دی گئی۔

ایس ایچ او تھانہ کینٹ سب انسپیکٹر ارسلان مہر کے مطابق تشدد میں ملوث دکاندار کی گرفتاری کے دوران پولیس کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جب تشدد کرنے والے دکاندار کو گرفتار کیا تو دیگر مشتعل دکانداروں نے دھاوا بول کر گرفتار دکاندار کو چھڑوالیا جس پر پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی تاہم اس وقت تک تشدد کرنے والا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے بعد پولیس نے دکانوں کے سامنے پارک کئی موٹر سائیکلوں کو ضبط کرکے تھانے منتقل کروادیا جبکہ بعض افراد کو گرفتار بھی کیا گیا تاہم رات گئے تک پولیس گرفتاریوں سے لاعلمی ظاہر کرتی رہی۔