یمنی حکومتی فورسز کا باب المندب کے علاقے سے انخلا کا اعلان
پسپائی کے بعد یہ امکان پیدا ہو گیا ہے کہ حوثی دوبارہ عدن کی جانب پیش قدمی کر سکتے ہیں
فائل فوٹو
عدن: یمن کی حکومتی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ وہ باب المندب آبنائے کے قریب واقع علاقوں سے انخلا کر رہی ہیں تاکہ اپنے مرکزی اڈے عدن کے دفاع پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
حکومتی فورسز نے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی مسلح افواج تعز صوبے کے مغربی حصے میں واقع ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے علاقے سے افواج کی منتقلی کا اعلان کرتی ہیں۔
اس انخلا کے اعلان کے ساتھ ہی یمنی حکومت کی جانب سے بحیرہ احمر کے داخلی راستے کے قریب ساحلی علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جاری چھ ہفتوں پر مشتمل جوابی کارروائی باضابطہ طور پر ختم ہو گئی ہے۔
حوثیوں نے ان علاقوں پر تیز رفتار پیش قدمی کے ذریعے قبضہ کر لیا تھا، جس سے سعودی عرب کی تیل برآمدات پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔
اس پسپائی کے بعد یہ امکان پیدا ہو گیا ہے کہ حوثی دوبارہ عدن کی جانب پیش قدمی کر سکتے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے لیے حوثیوں کے ڈرون اور میزائل حملوں کو روکنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔