ربیعہ سے سیلون ملازمہ کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ملزم

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے دعوے مسترد، ملزم نے تفتیش میں تمام تفصیلات سے آگاہ کر دیا

November 14, 2026 · قومی
ربیعہ سے، ماضی میں بیوٹی سیلون کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ملزم

ربیعہ سے، ماضی میں بیوٹی سیلون کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ملزم

راولپنڈی میں اینکر ربیعہ کے قتل کے معاملے پر پولیس کی جانب سے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ میاں بیوی کے تعلقات کے حوالے سے گردش کرنے والے سوشل میڈیا دعوؤں کی بھی باریک بینی سے جانچ پڑتال جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ اور گرفتار ملزم احسن کے درمیان ماضی میں ایک بیوٹی سیلون کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم احسن نے دورانِ تفتیش اپنی ازدواجی زندگی اور سیلون کے تنازعے سے متعلق تفصیلی بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے ربیعہ کے ساتھ 2010 میں مرضی کی شادی کی تھی، اور دونوں نے نجی بینک کے علاوہ ایک موبائل نیٹ ورک کمپنی میں بھی ایک ساتھ ملازمت کی تھی۔ اس کے علاوہ ربیعہ کو برٹش ہائی کمیشن میں بھی ملازمت کا موقع ملا تھا، جبکہ کورونا کی وبا کے دوران ربیعہ نے اسلام آباد میں ایک سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا جس میں اس نے بھرپور ساتھ دیا۔

پولیس ریکارڈ اور ملزم کے بیان کے مطابق سیلون کی 2 ملازم خواتین کے باہمی تنازعے کی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان عارضی ناراضگی پیدا ہوئی تھی۔ ملزم نے دعویٰ کیا کہ ایک ملازمہ نے دوسری کو نوکری سے ہٹانے کے لیے اس پر نامناسب تعلقات کا الزام عائد کیا تھا، تاہم اس الزام کی سختی سے تردید کرنے اور ربیعہ کو یقین دلانے کے بعد تمام غلط فہمیاں دور ہو گئی تھیں۔

ملزم نے مزید دعویٰ کیا کہ اس ایک واقعے کے علاوہ ان کی 16 سالہ ازدواجی زندگی میں کبھی کوئی بڑا تنازع یا ناچاقی نہیں رہی۔ وہ روزانہ شام کو ربیعہ کے ساتھ جم میں بیڈمنٹن کھیلنے جایا کرتا تھا، اور ربیعہ ایک انتہائی محنت کش اور پیشہ ور خاتون تھیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے موبائل فونز کے ڈیٹا اور تجزیے سے بھی ان کے درمیان مسلسل خراب تعلقات کا کوئی شواہد نہیں ملا، اور ملزم احسن نے باہمی تعلقات میں کشیدگی کے تمام دعوؤں کی تردید کر دی ہے۔