پنجاب بھر میں میٹرک سالانہ امتحانات 2027 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا
اہم پیش رفت، سنگل فیس کی آخری تاریخ مقرر، امتحانات 16 مارچ سے شروع ہوں گے۔
پنجاب بھر میں میٹرک سالانہ امتحانات 2027 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا
لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے میٹرک سالانہ امتحانات 2027 کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 16 مارچ 2027 سے شروع ہوں گے۔
بورڈز کمیٹی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امتحانات میں شرکت کے لیے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق ڈبل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 12 دسمبر سے 28 دسمبر 2026 تک جمع کرائے جا سکیں گے، جبکہ ٹرپل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میٹرک دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2027 کے حتمی نتائج کا اعلان 20 جولائی 2027 کو کیا جائے گا۔ متعلقہ تعلیمی بورڈز نے تمام طلبہ اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی اضافی مالی بوجھ یا پریشانی سے بچنے کے لیے مقررہ تاریخوں کے اندر اپنے داخلہ فارم لازمی جمع کرا دیں۔