ٹرین دھماکے پر سکھ لڑکا لڑکی گرفتار،بھارت نے تعلق پاکستان سے جوڑ دیا

گرفتار ملزمان مبینہ طور پر سرحد پار موجود ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے جنہوں نے انہیں رقوم اور دیگر ترغیبات کے ذریعے اس کارروائی پر آمادہ کیا۔بھارتی پولیس کا الزام

November 15, 2026 · بام دنیا
ٹرین دھماکے پر سکھ لڑکا لڑکی گرفتار،بھارت نے تعلق پاکستان سے جوڑ دیا

ٹرین دھماکے پر سکھ لڑکا لڑکی گرفتار،بھارت نے تعلق پاکستان سے جوڑ دیا

نئی دہلی /جے پور:بھارتی ریاست راجستھان میں ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے الزام میں بھارتی سیکیورٹی اداروں نے پنجاب سے ایک لڑکا اور لڑکی کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ بھارتی حکام اور میڈیا نے حسبِ روایت اس واقعے کا تعلق بھی پاکستان سے جوڑنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے ضلع سری گنگا نگر میں انوپ گڑھ۔سورت گڑھ ریلوے لائن پر 3 نومبر کی شب ایک کم شدت کا دھماکہ ہوا تھا، جس سے پٹری کے کنکریٹ سلیپرز کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بھارتی تفتیشی اداروں (راجستھان اے ٹی ایس اور پنجاب پولیس) نے مشترکہ کارروائی کا دعویٰ کرتے ہوئے بھارتی پنجاب کے علاقے گرداسپور سے 21 سالہ مہک دیپ کور اور 22 سالہ دیوندر سنگھ کو گرفتار کیا ہے۔ بھارتی پولیس کا الزام ہے کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر سرحد پار موجود ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے جنہوں نے انہیں رقوم اور دیگر ترغیبات کے ذریعے اس کارروائی پر آمادہ کیا۔
دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت میں پیش آنے والے کسی بھی اندرونی سیکیورٹی واقعے کا ملبہ فوری طور پر پاکستان پر ڈالنا بھارتی حکام اور میڈیا کا پرانا وطیرہ ہے، تاکہ اپنی سیکیورٹی ناکامیوں اور اندرونی خلفشار سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ بھارتی پولیس نے اس کیس میں مزید تین مقامی افراد کو بھی سہولت کاری کے شبہ میں حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔