گجرانوالہ میں جعلی ایس پی بیٹے سمیت کیسے گرفتار ہوا، دلچسپ کہانی

ایس ایچ او شہزاد کی بروقت کارروائی کے باعث دونوں ملزمان کی جعلسازی بے نقاب ہوگئی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ 

November 14, 2026 · قومی
گجرانوالہ میں جعلی ایس پی بیٹے سمیت کیسے گرفتار ہوا، دلچسپ کہانی

گجرانوالہ میں جعلی ایس پی بیٹے سمیت کیسے گرفتار ہوا، دلچسپ کہانی

گوجرانوالہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے خود کو ایس پی ظاہر کرنے والے جعلی پولیس افسر کو بیٹے سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزمان نیلی بتی لگی نجی گاڑی اور جعلی پولیس شناختی کارڈ کے ذریعے پولیس اہلکاروں کو دھوکا دینے اور عام شہریوں پر رعب جمانے میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔

تفصیلات کے مطابق رات کے وقت سیٹلائٹ ٹاؤن کی حدود میں پولیس ناکہ لگا ہوا تھا اور ایس ایچ او شہزاد بھی موقع پر موجود تھے کہ اسی دوران سفید رنگ کی ایک نجی گاڑی نیلی بتی لگائے ناکے پر پہنچی۔ پولیس اہلکاروں نے گاڑی روکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے بھگا دی۔ پولیس نے تعاقب کیا اور کچھ فاصلے پر گاڑی روکنے میں کامیاب ہوگئی۔

پولیس اہلکاروں نے ڈرائیونگ سیٹ پر موجود نوجوان سے گاڑی بھگانے کی وجہ پوچھی تو اس نے الٹا اہلکاروں سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ تم نے ہمیں کیوں روکا اور ایسی جرات کیسے کی؟ جب اہلکار نے نجی گاڑی پر نیلی بتی لگانے کی وجہ پوچھی تو نوجوان نے رعب جھاڑتے ہوئے جواب دیا کہ یہ ایس پی صاحب کی گاڑی ہے اور ایس پی صاحب خود بھی پچھلی نشست پر موجود ہیں۔

نوجوان کے دعوے پر پولیس اہلکاروں نے معاملہ ایس ایچ او شہزاد کے علم میں لایا، جو خود گاڑی کے قریب پہنچے اور پچھلی نشست پر موجود شخص سے شناخت ظاہر کرنے کی درخواست کی۔ اس شخص نے پنجاب پولیس کا شناختی کارڈ دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ لاہور میں تعینات ہے۔

تاہم ایس ایچ او شہزاد کو شناختی کارڈ مشکوک محسوس ہوا۔ مزید پوچھ گچھ کے دوران مبینہ جعلی ایس پی کے جوابات بدلنے لگے اور اس نے جلدی میں ہونے کا بہانہ بنا کر وہاں سے جانے کی اجازت مانگی۔ ایس ایچ او نے شک کی بنیاد پر گاڑی سمیت دونوں افراد کو تھانے منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

تھانے میں شناختی کارڈ کی تصدیق کی گئی تو انکشاف ہوا کہ پولیس افسر ظاہر کرنے والا شخص جعلی شناخت استعمال کررہا تھا۔ گاڑی میں موجود دونوں افراد باپ بیٹا نکلے، جنہوں نے مبینہ طور پر جعلی پولیس شناختی کارڈ بنوا رکھے تھے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق دونوں باپ بیٹا کافی عرصے سے جعلی پولیس شناخت کے ذریعے ناکوں پر اہلکاروں کو دھوکا دے کر نکل جاتے تھے، جبکہ عام شہریوں کو بھی پولیس افسر ظاہر کرکے دھمکاتے تھے۔

ایس ایچ او شہزاد کی بروقت کارروائی کے باعث دونوں ملزمان کی جعلسازی بے نقاب ہوگئی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔