سندھ حکومت کا سرکاری گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں سے بدلنے کا فیصلہ
اخراجات میں کمی اور ماحول دوست ٹرن سپورٹ کا فروغ، اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اہم منظوری دے دی گئی
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سادگی کا اجلاس جاری ہے۔
سندھ حکومت نے صوبائی محکموں کے زیر استعمال روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار ختم کرنے اور ان کی جگہ الیکٹرک گاڑیاں لانے کا تہیہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ایندھن کے بھاری اخراجات میں کمی لانا اور ماحول دوست نقل و حمل کے نظام کو فروغ دینا ہے۔
یہ فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے سادگی کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حکومتی اخراجات میں کمی لانے، ایندھن کی بچت اور مختلف صوبائی محکموں کی گاڑیوں کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی۔ فیصلے کے مطابق مستقبل میں سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ماحول دوست ٹیکنالوجی کی طرف بتدریج منتقلی کو ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل کی بچت موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کے لیے بھی عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ مستقبل کی خریداری میں روایتی گاڑیوں کے مقابلے میں الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے اور سرکاری بیڑے کو مکمل طور پر کلین ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری محکموں میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے ایندھن کی کھپت میں نمایاں کمی آئے گی اور صوبائی قومی خزانے پر ایندھن کے اخراجات کا بوجھ کم ہوگا کیونکہ الیکٹرک نقل و حرکت ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔