ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم پر 6 ڈرونز سے حملے کا دعویٰ
حملے سے ہونے والے نقصان یا اس کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔
ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم پر 6 ڈرونز سے حملے کا دعویٰ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں امریکی فضائی دفاعی ریڈار نظام کو 6 ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم حملے سے ہونے والے نقصان یا تباہی کے حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ترک خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ پاسدارانِ انقلاب نے بحرین کے الرفاع ایئر بیس پر قائم امریکی ریڈار دفاعی نظام کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔
اس پیش رفت سے چند گھنٹے قبل بحرین کی وزارت داخلہ نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر متعدد انتباہات جاری کیے تھے۔ حکام نے خطرے کی نوعیت واضح کیے بغیر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے ذریعے جاری بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کو بدستور بند رکھنے کا اعلان بھی کیا اور اس آبی گزرگاہ سے بحری جہازوں کو بحفاظت گزارنے میں ناکامی پر واشنگٹن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ امریکہ کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ سخت اور تباہ کن ہوگا۔
آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کا معاملہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی اور مذاکرات کا اہم موضوع بنا ہوا ہے۔ یہ گزرگاہ عالمی سطح پر توانائی اور دیگر اشیا کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔