شیرنی کے حملے میں جاں بحق شخص کے ورثا نے دونوں ملزمان کو معاف کر دیا

اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے دونوں ملزمان کو معاف کر رہے ہیں،ملزمان کی ضمانت یا بریت پر کوئی اعتراض نہیں

November 15, 2026 · قومی
شیرنی کے حملے میں جاں بحق شخص کے ورثا نے دونوں ملزمان کو معاف کر دیا

شیرنی کے حملے میں جاں بحق شخص کے ورثا نے دونوں ملزمان کو معاف کر دیا

لاہور میں شیرنی کے حملے میں جان گنوانے والے نوجوان طلحہ کے اہل خانہ نے مقدمے میں گرفتار دونوں ملزمان کو معاف کر دیا، جس کے بعد عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

پولیس نے فارم ہاؤس کے مالک فیاض احمد اور ٹک ٹاکر نعمان حسن کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے ماڈل ٹاؤن کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ قیصر ریاض کی عدالت میں پیش کیا تھا۔

سماعت کے دوران مقتول طلحہ کے مدعی اور ورثا بھی عدالت میں حاضر ہوئے، جہاں انہوں نے بیان دیا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے دونوں ملزمان کو معاف کر رہے ہیں۔ ورثا نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ملزمان کی ضمانت یا بریت پر کوئی اعتراض نہیں اور اس حوالے سے حلف نامے بھی جمع کرا دیے۔

دوسری جانب پراسیکیوٹر نے ملزمان کی رہائی کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان پر سنگین جرم کا الزام ہے، اس لیے انہیں پولیس کی تحویل میں دیا جائے۔

تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ قیصر ریاض نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کی 50، 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔

پولیس کے مطابق نعمان حسن ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے لیے فارم ہاؤس گیا تھا، جہاں شیرنی بے قابو ہو کر فارم ہاؤس کے ملازم طلحہ پر حملہ آور ہوگئی۔ زخمی طلحہ کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔