ڈونباس چھوڑ دیں،نیٹو میں شامل کر لیں گے، امریکہ کی یوکرین کو تجویز
روس اس وقت مشرقی یوکرین کے صنعتی علاقے ڈونباس کے بیشتر حصے پر قابض ہے
ڈونباس چھوڑ دیں،نیٹو میں شامل کر لیں گے، امریکہ کی یوکرین کو تجویز
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی مذاکرات کاروں نے جنگ کے خاتمے کے لیے ایک نئی تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت یوکرین مشرقی ڈونباس سے اپنی باقی ماندہ فوج واپس بلا لے تو اسے نیٹو کی رکنیت دی جا سکتی ہے۔
زیلنسکی کے مطابق یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت سے مذاکرات کر رہے ہیں۔
یوکرین طویل عرصے سے نیٹو میں شمولیت کا خواہاں ہے، تاہم امریکہ سمیت بعض مغربی ممالک ماضی میں اس معاملے پر تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ دوسری جانب روس بھی اپنی سرحدوں کے قریب نیٹو کی مزید توسیع کی مخالفت کرتا رہا ہے۔
روس اس وقت مشرقی یوکرین کے صنعتی علاقے ڈونباس کے بیشتر حصے پر قابض ہے، تاہم زیلنسکی متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ یوکرین اپنی خودمختار سرزمین کسی صورت چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔
زیلنسکی کے دفتر سے ہفتے کے روز جاری بیان کے مطابق امریکی مذاکرات کاروں نے پہلی مرتبہ یہ سوال اٹھایا کہ اگر یوکرین کو نیٹو کی رکنیت مل جائے تو کیا وہ ڈونباس سے دستبردار ہونے پر آمادہ ہوگا؟
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ اگر انہیں سکیورٹی ضمانتوں، یوکرینی فوج پر کسی قسم کی پابندی نہ لگانے اور ملک کی تعمیر نو کے لیے مالی معاونت پر مشتمل واضح تجویز موصول ہوتی ہے تو وہ اس معاملے کو عوامی ریفرنڈم کے لیے پیش کرنے پر غور کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکی ایلچی جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف نے جمعرات کو ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے مذاکرات کیے، جس کے بعد وہ آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن پہنچے جہاں یوکرینی صدر زیلنسکی سے ان کی ملاقات ہوئی۔ روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ جاری ہے۔