شوہر نے بیوی کی خواہش پر طلاق دے کر دوسرے شخص کے ساتھ رخصت کر دیا، وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
میں اللہ کو حاضر و ناظر جان کر تمہیں طلاق دیتا ہوں۔ میں تم پر یا عادل پر کوئی کیس نہیں کروں گا۔ تمہارے ساتھ زندگی اچھی گزری، اچھا وقت گزرا، ثناء تم جہاں بھی جاؤ خوش رہو۔"
شوہر نے بیوی کی خواہش پر طلاق دے کر دوسرے شخص کے ساتھ رخصت کر دیا، وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بالخصوص فیس بک اور انسٹاگرام پر ایک حیران کن ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شوہر اپنی بیوی کی فرمائش پر اسے طلاق دے کر باقاعدہ سامان سمیت دوسرے شخص کے ساتھ رخصت کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس منظر کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اسے مقبول پاکستانی ڈرامے “میرے پاس تم ہو” کے مشہور سین سے تشبیہ دی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے شوہر کا نام سید علی رضا اور بیوی کا نام ثناء (ولد شوکت علی سدھو) بتایا جا رہا ہے۔ پوسٹس کے متن کے مطابق دونوں کی شادی کو ابھی ایک سال اور چند ماہ کا عرصہ ہی گزرا تھا کہ ثناء کو عادل حسین نامی ایک دوسرے شخص سے محبت ہو گئی۔ جب شوہر سید علی رضا کو اس معاملے کا علم ہوا تو اس نے جھگڑنے یا قانونی کارروائی کرنے کے بجائے بیوی کی خوشی کی خاطر اسے آزاد کرنے کا فیصلہ کیا۔
ویڈیو کے آغاز میں علی رضا خود عادل حسین کو فون ملاتا ہے۔ دورانِ کال عادل حسین قسم کھا کر اس بات کا اقرار کرتا ہے کہ وہ ثناء سے بہت محبت کرتا ہے اور اس سے شادی کرنا چاہتا ہے۔ اس پر علی رضا فون پر عادل سے مخاطب ہو کر کہتا ہے: “جو میں اپنی بیوی کو نہیں دے سکا، آپ اسے ضرور دے دینا۔”
اس کے بعد علی رضا اپنی بیوی ثناء سے انتہائی تحمل کے ساتھ پوچھتا ہے کہ “کیا میں نے تمہیں کبھی زندگی میں کسی چیز کی کمی یا تنگی محسوس ہونے دی؟ کیا مجھ سے کوئی شکایت یا کوئی اور مسئلہ رہا؟” جس پر ثناء صاف انکار کرتے ہوئے جواب دیتی ہے کہ اسے اپنے شوہر سے کبھی کوئی شکایت نہیں رہی۔
بیوی کے اصرار پر علی رضا کیمرے کے سامنے باقاعدہ اپنا اور بیوی کا تعارف کرواتا ہے (کہ میں سید علی رضا ہوں اور یہ ثناء ولد شوکت علی سدھو ہے) اور پھر یہ الفاظ ادا کرتا ہے: “میں اللہ کو حاضر و ناظر جان کر تمہیں طلاق دیتا ہوں۔ میں تم پر یا عادل پر کوئی کیس نہیں کروں گا۔ تمہارے ساتھ زندگی اچھی گزری، اچھا وقت گزرا، ثناء تم جہاں بھی جاؤ خوش رہو۔”
گفتگو کے اختتام پر شوہر خود بیوی کا بیگ (سوٹ کیس) تیار کر کے اس کے حوالے کرتا ہے۔ بعد ازاں ثناء اپنا بیگ اٹھا کر گھر کے دروازے سے باہر چلی جاتی ہے جہاں مبینہ طور پر عادل حسین اسے لینے کے لیے موجود ہوتا ہے، جبکہ علی رضا اسے جاتا ہوا دیکھتا رہ جاتا ہے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اس کی صداقت اور پس منظر کے حوالے سے کئی اہم سوالات اٹھ رہے کہ ہیں۔ اب تک کسی بھی مستند ذریعے یا پولیس انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے کی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ یہ ویڈیو کس شہر یا علاقے میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
جن سوشل میڈیا پیجز اور گروپس نے اس خبر اور ویڈیو کو شیئر کیا ہے، ان میں سے بیشتر نے اپنی تحریر کے آخر میں خود یہ نوٹ لکھا ہے کہ “یہ کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور اس کے ساتھ شیئر کی گئی معلومات کی بنیاد پر ہے، واقعے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔”
ویڈیو کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ جس انداز میں موبائل کیمرہ ایک ہی زاویے پر سیٹ کیا گیا ہے، جس طرح باقاعدہ ولدیت کے ساتھ نام پکارے جا رہے ہیں اور جس سکون سے مکالمے ادا کیے جا رہے ہیں، وہ کسی حقیقی گھریلو بحران کے بجائے پہلے سے تیار کردہ اسکرپٹ (Scripted Content) کی عکاسی کرتا ہے۔
سوشل میڈیا ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں ایسے کانٹینٹ کری ایٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو مشہور ڈراموں کے مناظر (جیسے “میرے پاس تم ہو”) سے متاثر ہو کر فرضی ویڈیوز بناتے ہیں تاکہ جذباتی موضوعات کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ویوز اور فالوورز حاصل کیے جا سکیں۔