ایران کے ڈیم اصل میں میزائل اڈے ہیں،امریکی اخبار کا پروپیگنڈا

ایران میں ڈیموں اور پانی کی منتقلی کے وسیع منصوبے ممکنہ طور پر زیرِ زمین میزائل اڈوں کو پانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی تعمیر کیے گئے تھے۔

November 17, 2026 · بام دنیا
ایران کے ڈیم اصل میں میزائل اڈے ہیں،امریکی اخبار کا پروپیگنڈا

ایران کے ڈیم اصل میں میزائل اڈے ہیں،امریکی اخبار کا پروپیگنڈا

ایران کے ڈیم اب پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبے نہیں بلکہ میزائل اڈوں کی معاون تنصیبات قرار دیے جانے لگے، امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایرانی آبی منصوبوں کو زیرِ زمین میزائل تنصیبات سے جوڑتے ہوئے نیا دعویٰ کردیا۔ رپورٹ میں 533 ڈیموں کی موجودگی اور میزائل حملوں کے مقامات میں مماثلت کو بنیاد بنا کر ایران کے آبی منصوبوں کے فوجی مقاصد پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ تاہم اس دعوے کے حق میں کوئی حتمی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں ڈیموں اور پانی کی منتقلی کے وسیع منصوبے ممکنہ طور پر زیرِ زمین میزائل اڈوں کو پانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی تعمیر کیے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق آبی وسائل اور فوجی امور کے ماہرین نے ایران کے ڈیموں اور ان مقامات کے درمیان مماثلت کی نشاندہی کی ہے جنہیں رواں سال امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس ممکنہ تعلق کے حوالے سے کوئی حتمی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

جرمنی کی ہیمبرگ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی سے وابستہ آبی تحفظ کے ماہر نیما شکری کے مطابق ان کی ٹیم نے ایران بھر میں کم از کم 533 ڈیموں کا ریکارڈ مرتب کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے مشتبہ فوجی تنصیبات پر حملوں کے مقامات کا ڈیموں کے نقشے سے موازنہ کیا تو دونوں کے درمیان غیر معمولی مماثلت دکھائی دی۔

اخبار سے گفتگو میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایران میں اتنی بڑی تعداد میں ڈیم تعمیر کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی اور میزائل تنصیبات کے قریب ان کی موجودگی کا کیا مقصد ہوسکتا ہے؟

زیرِ زمین میزائل شہروں کو پانی اور بجلی کی فراہمی

نیویارک ٹائمز کے مطابق سات آبی اور فوجی ماہرین کا خیال ہے کہ ڈیموں کے ذریعے ایران کے وسیع زیرِ زمین فوجی مراکز کو مسلسل پانی اور بجلی فراہم کی جاسکتی ہے۔

ایران کے زیرِ زمین میزائل شہروں میں میزائلوں اور ڈرونز کی تیاری، ذخیرہ کرنے اور انہیں لانچ کرنے کی سہولیات موجود ہیں۔ یہ تنصیبات پہاڑوں کے اندر طویل سرنگوں میں قائم کی گئی ہیں تاکہ انہیں فضائی حملوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔

اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس کے سابق ایران تجزیہ کار ڈینی سیٹرینووچ کے مطابق توانائی اور پانی کے متبادل ذرائع ان فوجی تنصیبات کو ملک کے عمومی بنیادی ڈھانچے سے آزاد رکھ کر ان کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

رپورٹ میں زاگرس پہاڑوں سے یزد تک پانی منتقل کرنے کے ایک بڑے منصوبے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا اروائن کے آبی ماہر امیر آغا کوچک کے مطابق علاقے میں مارچ کے فضائی حملوں اور وہاں موجود میزائل تنصیب سے متعلق اطلاعات نے اس منصوبے کے ممکنہ فوجی مقاصد پر سوالات پیدا کیے۔

تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ ایران میں پانی کی شدید قلت کے باعث بیشتر ڈیم پینے کے پانی، زراعت اور بجلی کی پیداوار جیسے بنیادی شہری مقاصد بھی پورے کرتے ہیں۔

شہری عمارتوں کو میزائل سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کا الزام

رپورٹ میں ایران انٹرنیشنل کی مارچ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس میں پاسدارانِ انقلاب کی میزائل کمانڈ سے منسوب 33 صفحات پر مشتمل ایک مبینہ خفیہ ہدایت نامے کا ذکر تھا۔

مبینہ دستاویز میں صنعتی مراکز، کھیلوں کے میدانوں، گوداموں اور دیگر شہری عمارتوں کو میزائل سرگرمیوں کے لیے ممکنہ پوشیدہ مقامات کے طور پر استعمال کرنے کی تجاویز شامل تھیں۔

ایک دوسری تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی سیکیورٹی اور فوجی اہلکاروں نے 17 صوبوں میں کم از کم 70 شہری مقامات پر اہلکاروں، ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کو منتقل کیا، جن میں 34 اسکول بھی شامل تھے۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے شہری آبادی کو ڈھال بنانے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل پر شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

ماہرینِ ماحولیات کی گرفتاریوں پر بھی سوالات

نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں 2018 میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ماہرین کی گرفتاریوں کا بھی جائزہ لیا۔

رپورٹ کے مطابق اس بات کا حتمی ثبوت نہیں ملا کہ ان گرفتاریوں کا تعلق زیرِ زمین فوجی تنصیبات کے قریب سرگرمیوں سے تھا۔

فارسی وائلڈ لائف ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے بانی مراد تہباز، جو پانچ سال سے زائد عرصہ جیل میں رہے، نے بتایا کہ دورانِ تفتیش حکام ان کی ٹیم کی جانب سے صوبہ ہرمزگان میں نایاب جنگلی بھیڑوں کے تحفظ کے کام میں غیر معمولی دلچسپی لیتے تھے۔

اخبار کے مطابق 14 جولائی کو امریکی حملوں میں صوبہ ہرمزگان کے علاقے تاروم پروٹیکٹڈ ایریا کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک وائلڈ لائف رینجر کے اہلِ خانہ مارے گئے۔ واشنگٹن نے کہا تھا کہ حملوں کا ہدف فوجی تنصیبات اور ساحلی دفاعی نظام تھا۔

ماحولیاتی تجزیہ کار نک کوسار کے مطابق ممکن ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے ان مقامات کے قریب کام کرنے والے ماہرینِ ماحولیات کو بھی سیکیورٹی کے لیے خطرہ تصور کیا ہو۔