ایران جنگ دو سال تک جاری نہیں رہے گی،جے ڈی وینس
امریکی عوام سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ملک کو مزید طویل اور نہ ختم ہونے والی جنگوں میں نہیں دھکیلا جائے گا۔
ایران جنگ دو سال تک جاری نہیں رہے گی،جے ڈی وینس
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ امریکی عوام سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ملک کو مزید طویل اور نہ ختم ہونے والی جنگوں میں نہیں دھکیلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے جوہری پروگرام کو امریکہ کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں اور اسے ختم کرنا ضروری قرار دیتے ہیں، تاہم واشنگٹن اس تنازع کو 10 یا 15 سال تو درکنار، دو سال تک بھی جاری نہیں رکھنا چاہتا۔
جے ڈی وینس کے بیان میں دو سال کی مدت کا حوالہ بظاہر صدر ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے باقی عرصے کی جانب تھا۔
امریکہ اور اسرائیل نے فروری کے اواخر میں ایران کے خلاف جنگ شروع کی تھی۔ اس دوران صدر ٹرمپ متعدد مرتبہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
دوسری جانب ایران طویل عرصے سے اپنے جوہری پروگرام کو پُرامن مقاصد کے لیے قرار دیتا آیا ہے اور جوہری بم بنانے کی کوششوں کی تردید کرتا ہے۔
امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ بعض حلقے چاہتے ہیں کہ امریکہ ایران میں طویل عرصے تک اپنی موجودگی برقرار رکھے، لیکن ٹرمپ انتظامیہ ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
ان کے مطابق امریکہ طویل جنگوں میں الجھنے سے گریز کرے گا اور انہیں یقین ہے کہ صدر ٹرمپ اس تنازع کو ایسے نتائج کے ساتھ ختم کریں گے جو امریکی مفادات کے حق میں ہوں گے۔
جے ڈی وینس کا یہ بیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے چند روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ نائب صدر کو ڈیموکریٹس کے زیرِانتظام ریاستوں میں مبینہ بدعنوانی کے معاملات پر توجہ دینے کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ ایران جنگ سے متعلق مذاکرات اور نگرانی کے عمل سے انہیں الگ کر دیا گیا ہے۔