رافیل طیاروں کی تعداد کم ہونے کی خبر بھارتی اخبار دی ہندو نے بھی دے دی

اسی اخبار نے مئی 2025 میں بھارتی مار گرائے جانے کی خبر تصاویر کے ساتھ دی تھی جو ہٹانی پڑی

November 20, 2026 · امت خاص
رافیل طیاروں کی تعداد کم ہونے کی خبر بھارتی اخبار دی ہندو نے بھی دے دی

رافیل طیاروں کی تعداد کم ہونے کی خبر بھارتی اخبار دی ہندو نے بھی دے دی

بھارتی فضائیہ کے رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد میں کمی کی خبر اب بھارتی اخبار دی ہندو نے بھی شائع کر دی ہے۔ اخبار کے مطابق برطانوی ایوی ایشن جریدے فلائٹ گلوبل کی تازہ ترین ورلڈ ایئر فورسز ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے فعال رافیل طیاروں کی تعداد 35 سے کم کرکے 32 درج کی گئی ہے۔

بھارت نے فرانس سے مجموعی طور پر 36 رافیل طیارے خریدے تھے، تاہم تازہ اعداد و شمار میں صرف 32 طیارے فعال بتائے گئے ہیں۔ اس پیش رفت نے مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے معرکہ حق کے دوران بھارتی رافیل طیاروں کے ممکنہ نقصانات سے متعلق بحث دوبارہ چھیڑ دی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دی ہندو نے مئی 2025 میں بھی پاکستان کے ہاتھوں بھارتی لڑاکا طیارے گرائے جانے سے متعلق تصاویر کے ساتھ رپورٹ شائع کی تھی، تاہم بعد ازاں یہ رپورٹ ہٹانا پڑی تھی۔

دوسری جانب بھارتی وزارت دفاع نے فلائٹ گلوبل کے تازہ اعداد و شمار سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے جریدے کو یہ معلومات فراہم نہیں کیں۔ وزارت دفاع نے جون 2026 کے ایک ٹینڈر کا حوالہ دیتے ہوئے تمام 36 رافیل طیاروں کی دیکھ بھال کے انتظامات کا ذکر کیا ہے۔

تاہم فلائٹ گلوبل نے فعال رافیل طیاروں کی تعداد میں کمی کی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی اور نہ ہی چار طیاروں کے تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔