راولپنڈی: ذہنی معذور بہن بھائیوں پر فائرنگ، بھائی جاں بحق، دو بہنیں شدید زخمی

تینوں بھائی بہن ذہنی بیماری کے بعد ذہنی طور پر نارمل نہ تھے ، بچے یا بڑے انہیں پریشان کرتے تو وہ آگے سے پتھر وغیرہ بھی مارتے تھے

November 18, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی: نامعلوم مسلح افراد نے ذہنی بیماری میں مبتلا بھائی بہنوں پر فائرنگ کردی، بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پر دم توڑ گیا دونوں بہنیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردی گئیں۔

حکام کے مطابق محلہ ولایتیاں میں مدنی مسجد کے قریب تین مرلہ کے مکان میں 40/45 سالہ رشید اعجاز اپنی دو بہنوں مسماتہ رابعہ اور مسماتہ عابدہ کے ساتھ رہائش پذیر تھا، ان کے والد تقریبا دو ماہ قبل انتقال کرگئے تھے۔

پولیس کے مطابق تینوں بھائی بہن ذہنی بیماری کے بعد ذہنی طور پر نارمل نہ تھے اور اسی سبب بچے یا بڑے انہیں پریشان کرتے تو وہ آگے سے پتھر وغیرہ بھی مارتے تھے، اسی صورتحال کے باعث وہ زیادہ تر تنہا رہتے تھے جبکہ کھانا پینا انہیں عزیز رشتے دار دیتے رہتے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بدھ کی شب تینوں کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، پولیس پہنچی تو کنبے کا سربراہ رشید اعجاز دم توڑ چکا تھا جبکہ دونوں بہنیں رابعہ اور عابدہ زخمی حالت میں تھیں، سب کو 1122 کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، سینئر پولیس افسران نے جائے وقوع کا دورہ کرکے فرانزک شواہد اکٹھے کیے۔