سیکیورٹی فورسز کی بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں کارروائی، 4 خوارج ہلاک

2 ایل ایم جیز، 7 ایس ایم جیز، 8 دستی بم اور گولہ بارود برآمد

November 18, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کی’’ عزمِ استحکام وژن ‘‘کے تحت خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں کی جانے والی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیدڑ کیمپ میں خوارج کی موجودگی کی تصدیق کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا، سرچ آپریشن کے دوران چھپے ہوئے 2 زخمی خوارج کی فائرنگ کا سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دیتے ہوئے دونوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے کارروائی کے دوران 2 ایل ایم جیز، 7 ایس ایم جیز، 8 دستی بم اور گولہ بارود برآمد کرلیا، کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی کا پرچم، 6 موبائل فون، بندوقوں کی بیلٹس اور دیگر سازوسامان بھی برآمد کیا گیا۔