کیا پیرا سیٹا مول کی گولی سے استری صاف کی جاسکتی ہے؟

ماہرین اور کیمسٹری کے اصولوں کے مطابق یہ طریقہ واقعی کام کرتا ہے لیکن سخت احتیاظ کی ضرورت ہے

November 20, 2026 · امت خاص
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ان دنوں ایک گھریلو ٹوٹکہ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عام استعمال کی درد کش دوا ’پیراسیٹامول‘ کی گولی کے ذریعے استری کی جلی ہوئی اور سیاہ سطح کو منٹوں میں چمکایا جا سکتا ہے۔

وائرل پوسٹ اور ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ گرم استری کی نچلی سطح پر پیراسیٹامول کی گولی رگڑنے سے جلا ہوا داغ پگھل کر اتر جاتا ہے، جس کے بعد کپڑے سے صاف کرنے پر استری بالکل نئی جیسی ہو جاتی ہے۔ اس انوکھے طریقے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حیرت اور دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ماہرین اور کیمسٹری کے اصولوں کے مطابق یہ طریقہ واقعی کام کرتا ہے۔ جب پیراسیٹامول کی گولی گرم دھاتی سطح سے ٹکراتی ہے تو یہ پگھل کر ایک محلول کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ اس عمل کے دوران پیدا ہونے والی حرارت اور کیمیائی ردعمل استری کی سطح پر جمے ہوئے جلے ہوئے ریشوں اور کاربن کی تہہ کو نرم کر دیتا ہے، جسے بعد ازاں کسی سوتی کپڑے یا ٹشو پیپر سے آسانی سے صاف کیا جا سکتا ہے۔

 اگرچہ یہ گھریلو ٹوٹکہ مؤثر ہے، تاہم ماہرین نے اس کے استعمال کے دوران سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

گولی پگھلنے کے دوران تیز بو اور کیمیائی بخارات (دھواں) خارج ہوتے ہیں، جو سانس کے ذریعے جسم میں جا کر نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اس لیے یہ عمل ہمیشہ کھلی ہوا یا ہوادار جگہ پر کریں اور ماسک کا استعمال کریں۔

 گولی کو براہِ راست ہاتھوں سے پکڑ کر گرم استری پر نہ رگڑیں کیونکہ گولی تیزی سے پگھلتی ہے اور انگلیاں جھلسنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے چمٹی کا استعمال کریں۔

نان اسٹک یا سیرامک کوٹنگ والی استری پر کسی بھی سخت چیز کو رگڑنے سے اس کی حفاظتی تہہ خراب ہو سکتی ہے، اس لیے گولی کو زیادہ دباؤ کے ساتھ نہ رگڑیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ پیراسیٹامول سے استری صاف ہو جاتی ہے، لیکن حفاظت کے پیشِ نظر بیکنگ سوڈا اور سرکہ یا بازار میں دستیاب مخصوص آئرن کلینرز کا استعمال زیادہ محفوظ متبادل ہے۔