سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی گھر میں مردہ پائے گئے، واقعہ مشکوک قرار
سکیورٹی گارڈز، ذاتی گاڑیاں، اسلحہ اور دیگر سامان غائب، پولیس اور فرانزک ٹیموں کی تحقیقات شروع
سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی گھر میں مردہ پائے گئے، واقعہ مشکوک قرار
حافظ آباد: سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی اپنی رہائش گاہ پر مشکوک حالات میں مردہ پائے گئے، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
صحافی محمد عمیر کی ایکس پوسٹ کے مطابق لیاقت عباس بھٹی کی لاش گھر میں بیڈ پر موجود تھی، جبکہ ان کی رہائش گاہ سے ذاتی گاڑیاں، سکیورٹی گارڈز، ذاتی اسلحہ اور دیگر سامان غائب پایا گیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی مشکوک حالات میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔
لیاقت عباس بھٹی کی موت مشکوک حالات میں ہوئی، پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔واقعہ میں ملوث سکیورٹی گارڈز، مقتول کی ذاتی گاڑیوں کے ہمراہ غائب ہیں، علاؤہ ازیں مقتول کا ذاتی اسلحہ اور… pic.twitter.com/Y1itzjYpXA
— Muhammad Umair (@MohUmair87) November 19, 2026
اطلاعات کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث سکیورٹی گارڈز سابق وفاقی وزیر کی ذاتی گاڑیوں کے ہمراہ غائب ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا ذاتی اسلحہ اور دیگر سامان بھی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھا، جس کے باعث واقعے کی نوعیت مزید مشکوک ہو گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او حافظ آباد سمیت پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس حکام اور فرانزک ماہرین گھر سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔
فرانزک ٹیمیں کمرے اور گھر کے دیگر حصوں کا معائنہ کرکے اہم شواہد جمع کر رہی ہیں، جبکہ پولیس نے قتل سمیت تمام ممکنہ محرکات اور پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
غائب ہونے والے سکیورٹی گارڈز، گاڑیوں اور دیگر سامان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مرحوم لیاقت عباس بھٹی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی مہدی بھٹی کے سگے بھائی تھے۔ ان کی اچانک اور مشکوک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد علاقے اور سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
پولیس کی جانب سے پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔