امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا ایرانی دعویٰ مسترد کر دیا
سینٹکام کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تمام امریکی جنگی طیارے محفوظ اور مکمل فعال ہیں
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا ایرانی دعویٰ مسترد کر دیا
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایران کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام نے خلیجی علاقے میں ایک امریکی ایف 16 جنگی طیارے کو نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا ہے۔
سینٹکام نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران نے جمعے کے روز کسی امریکی ایف 16 طیارے پر حملہ نہیں کیا۔ امریکی فوج کے مطابق مشرق وسطیٰ میں موجود تمام امریکی جنگی طیارے محفوظ اور مکمل طور پر فعال ہیں۔
اس سے قبل ایرانی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ جمعے کی شام اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایک امریکی ایف 16 طیارے کی جانب میزائل داغا، جس کے نتیجے میں طیارے کو نقصان پہنچا اور اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
تاہم امریکی فوج نے ایرانی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی امریکی جنگی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا اور خطے میں تعینات تمام فضائی اثاثے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
دونوں جانب سے سامنے آنے والے متضاد بیانات کے باعث امریکی ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کے ایرانی دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔