پی ٹی آئی کو پنجاب میں بڑا دھچکا، شایان بشیر اور راشد بھٹی مستعفی
دونوں رہنماؤں کا پارٹی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان سے لاتعلقی کا اعلان
پی ٹی آئی کو پنجاب میں بڑا دھچکا، شایان بشیر اور راشد بھٹی مستعفی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پنجاب میں اہم دھچکا لگا ہے جہاں پارٹی کے سینئر رہنما اور تحریک تحفظ آئین پاکستان پنجاب کے ترجمان شایان بشیر اور پی ٹی آئی لیبر ونگ لاہور کے صدر محمد راشد بھٹی نے جماعت چھوڑنے اور اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شایان بشیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان پنجاب کو خیرباد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد ان کا دونوں جماعتوں سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان پنجاب کے عہدوں سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ وہ پاکستان کے آئین اور قانون کا احترام کرتے ہیں اور آئندہ کسی ایسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے جو آئین و قانون کے خلاف ہو۔
شایان بشیر کا کہنا تھا کہ سیاسی سرگرمیوں کے باعث وہ اپنے کاروبار پر توجہ نہیں دے سکے، تاہم اب وہ صرف اپنے کاروبار پر توجہ دیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی لیبر ونگ لاہور کے صدر محمد راشد بھٹی نے بھی اپنے علیحدہ ویڈیو پیغام میں عہدے سے دستبرداری اور پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔
راشد بھٹی نے کہا کہ وہ آئندہ کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے جو آئین اور ریاست پاکستان سے متصادم ہو۔