مانسہرہ؛ خاوند اور بیٹے کے قتل میں نامزد ملزم پر خاتون کی بھری عدالت میں فائرنگ

فائرنگ سے عدالت میں بھگدڑ، احاطہ کچہری میں فریقین کا ایک دوسرے پر حملہ، خاتون سمیت دو گرفتار

November 21, 2026 · قومی

مانسہرہ؛خاوند اور بیٹے کے قتل میں نامزد ملزم پر خاتون کی بھری عدالت میں فائرنگ

مانسہرہ: ایڈیشنل سیشن جج چھ صائمہ اختر کی بھری عدالت میں تاریخ پیشی پر لائے گئے قتل اور اغوا کے نامزد ملزم شعیب ولد فضل الرحمان پر مقتول طارق محمود کی بیوہ نوشین طارق نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ملزم شدید زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل شعیب نامی ملزم نے ٹھاکرہ کے رہائشی محمود عرف مودا اور اس کے 17 سالہ بیٹے زین کو 17 ستمبر 2024 کو پولیس لائن کے قریب موٹروے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، جبکہ محمود کی بیٹی کو اغوا کر لیا تھا۔

بعد ازاں مقتول بیٹے کی تشدد زدہ نعش کھائی سے ملی تھی اور پولیس نے مغوی بیٹی مسماۃ ر کو بازیاب کر کے تھانہ صدر میں علت نمبر 533 اور تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 365، 324، 337 اور 427 کے تحت شعیب اور اس کے ایک نامعلوم ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جس کا ٹرائل ایڈیشنل سیشن جج 6 کی عدالت میں زیر سماعت تھا۔

آج دن مانسہرہ کچہری میں سیشن جج چھ صائمہ اختر کی عدالت میں جیسے ہی ملزم کو جج کے سامنے پیش کیا جا رہا تھا تو مقتول کی بیوہ نوشین طارق نے فائرنگ کر دی، جس سے عدالت میں بھگدڑ مچ گئی اور باہر احاطہ عدالت میں بھی دونوں گروپوں کے افراد ایک دوسرے پر حملہ آور ہو گئے۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والی خاتون کو عدالت کے اندر ہی دبوچ لیا جبکہ بعد ازاں مقتول محمود کے بھائی ارشد ولد میاں داد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاتون بچے کے ذریعے احاطہ عدالت میں اسلحہ لے کر گئی تھی۔ زخمی ملزم شعیب کو تشویشناک حالت میں کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔