ٹرمپ انتظامیہ کی بھارت اور چین سمیت 14 معیشتوں پر 20 فیصد ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز

چین، بھارت، یورپی یونین، بنگلا دیش، کمبوڈیا، انڈونیشیا، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، تھائی لینڈ اور ویتنام شامل

November 25, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین، بھارت اور یورپی یونین سمیت 14 بڑی معیشتوں سے درآمدات پر 20 فیصد تک نئے محصولات عائد کرنے کی تجویز پیش کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکومت نے یہ اقدام مبینہ اضافی صنعتی پیداوار کے خلاف کئی ماہ کی تحقیقات کے بعد کیا ہے۔

امریکا کا الزام ہے کہ یہ معیشتیں طلب اور منڈی کے اصولوں سے ہٹ کر پیداواری صلاحیت بڑھا رہی ہیں جس سے امریکی تجارت اور صنعت متاثر ہو رہی ہے۔

مجوزہ محصولات کی زد میں چین، بھارت، یورپی یونین، بنگلا دیش، کمبوڈیا، انڈونیشیا، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، تھائی لینڈ اور ویتنام شامل ہیں۔

امریکی حکام نے بتایا کہ چین پر 20 فیصد اضافی ڈیوٹی کی تجویز ہے جو ان 14 معیشتوں میں سب سے زیادہ ہے۔

تاہم یہ محصولات فوری طور پر نافذ نہیں ہوں گے بلکہ تجویز پر عوامی آرا اور اعتراضات طلب کیے جائیں گے جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

امریکی حکام نے بتایا کہ درآمدی ٹیکس جنوری 2027 سے پہلے نافذ ہونے کا امکان نہیں کیونکہ یہ نئے محصولات موجودہ تجارتی معاہدوں کو مدنظر رکھ کر مرتب کیے گئے ہیں۔

بعض اشیا پر پہلے سے عائد شعبہ جاتی ڈیوٹیز کے ساتھ یہ محصولات جمع نہیں ہوں گے بلکہ متعلقہ صورت میں زیادہ شرح لاگو ہوگی۔

امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے برازیل سے آنے والی بعض اشیا، بشمول طیاروں، پر الگ سے اضافی محصولات کی تجویز بھی دی ہے۔