کراچی میں زیرتعمیر 6 منزلہ عمارت گرگئی۔ ایک جاں بحق ، متعدد زخمی

کئی افراد ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع

November 25, 2026 · اہم خبریں
تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں زیرتعمیر عمارت منہدم ہوگئی۔حادثے کےنتیجے میں ایک شخص کی موت واقع ہونے کی اطلاع ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت کے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی ، 4 زخمی افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا، زخمیوں کی شناخت نادر حسین، شوکت علی، احمدکے نام سے ہوئی، ایک زخمی کی شناخت ابھی انہیں ہوسکی۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ، متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونےکی اطلاع ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق 6 منزلہ عمارت گرنے سے قبل ہلنا شروع ہوگئی تھی، ملبہ ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی فنشنگ ہورہی تھی ، عمارت میں کوئی بھی رہائش پذیر نہیں تھا۔

گرنے والی عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )کے مطابق پلاٹ پر گراؤنڈ پلس 5 عمارت تعمیر تھی، رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں۔

متاثرہ عمارت میں مبینہ طور پر غیر قانونی فلیٹ نما رہائشی پورشنز تعمیر کیے جا رہے تھے، عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔