اپنے ساتھ قوم کے خواب لے کر جارہاہوں، پاکستانی خلاباز

لوگ ہم سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں، ذیشان علی

November 25, 2026 · امت خاص
اپنے ساتھ قوم کے خواب لے کر جارہاہوں، پاکستانی خلاباز

اپنے ساتھ قوم کے خواب لے کر جارہاہوں، پاکستانی خلاباز

چینی خلائی مشن کے رکن محمد ذیشان علی نے کہا ہےکہ وہ خلا میں جاتے ہوئے صرف اپنی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی امیدوں اور خوابوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پاکستانی خلاباز محمد ذیشان 40 سالہ پاکستانی پائلٹ ہیں اور ان کا تعلق پاک فضائیہ سے ہے۔

چین کے سرکاری اخبار شنگھائی ڈیلی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیے گئے بیان میں ذیشان علی نے کہاکہ بطور پاکستانی میں اپنے ساتھ پاکستانی عوام کے خواب لے کر جا رہا ہوں۔چین اور پاکستان کے لوگ ہم سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ خلا میں مل کر کام کرتے ہوئے ہم انسانیت کے مستقبل کے لیے ایک ساتھ کوشش کر رہے ہیں۔

ایکس ہینڈل ’سی این سپیس‘ پر گفتگو میں محمد ذیشان علی نے اپنی تربیت کے تجربات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بطور فائٹر پائلٹ انھیں سخت جسمانی اور تکنیکی تربیت سے گزرنا پڑا۔میں سنٹری فیوج ٹریننگ، ریسکیو اینڈ سروائیول ٹریننگ اور ایمرجنسی پروسیجر ٹریننگ سمیت مختلف مراحل سے گزرا ہوں، لیکن سچ پوچھیں تو سب سے بڑا چیلنج چینی زبان میں مہارت حاصل کرنا تھا۔

ذیشان علی نے کہا کہ خلائی جہاز کے تمام سوئچز، سافٹ ویئر، پروگرامز اور صوتی اعلانات چینی زبان میں ہوتے ہیں، اس لیے انہیں نہ صرف روزمرہ کی چینی بلکہ تکنیکی اصطلاحات پر بھی عبور حاصل کرنا پڑا۔

محمد ذیشان علی نے اپنے چینی ساتھی خلا بازوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انھیں ایسے ساتھی ملے جو ان کی ’رائے کا احترام کرتے ہیں اور ہم مل کر کسی بھی صورتحال کا مشترکہ حل نکالتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ عملے کے ارکان کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور دوستی دراصل ’پاکستان اور چین کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔