کریمیا کے کالج میں طالب علم کا حملہ،دھماکےاورفائرنگ سے 19 ہلاک

کریمیا:روس کے زیرانتظام علاقے کریمیا کے ایک کالج میں دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادادے کے مطابق روس سے الحاق شدہ سابق یوکرینی علاقے کریمیا کے پولی ٹیکنیک کالج میں ایک طالب علم نے کیفے ٹیریا میں پہلے دھماکا خیز مواد پھینکا اور پھر کالج کی عمارت میں اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
حملے کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق اور 45 سے زائد زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا۔
حملے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے کالج کو گھیرے میں لے لیا، فوجی حکام کے مطابق حملے میں ہلاک اور زخمیوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے جن میں سے زیادہ تر گولیوں کا نشانہ بنے ہیں۔
روسی حکام نے حملے کا ذمہ دار کالج کے 18 سالہ طالب علم کو ٹھہرایا ہے جس نے حملے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
روسی میڈیا کے مطابق حملہ آور طالبعلم کے دوست نے بتایا کہ وہ ٹیکنیکل کالج سے بہت زیادہ نفرت کرتا تھا۔روسی حکام نے ابتداء میں حملے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا تھا تاہم بعد میں اسے طالبعلم کا ذاتی فعل قرار دے دیا گیا۔