اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ اللہ نے پاکستان کو بہترین آبی وسائل سے مالا مال کیا ہے لیکن پاکستان میں وقت کے ساتھ ساتھ پانی کے استعمال میں اضافہ اور ذخائر میں کمی ہورہی ہے جس کے لئے بہتراقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
سپریم کورٹ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت عارف کا کہنا تھا کہ قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک تربیلا اور منگلا ڈیم ہی بنائے گئے جس کی وجہ سے وقت کے ساتھ پانی کے استعمال میں اضافہ ہوتا رہا اور ذخائرمیں کمی ہورہی ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ پانی کو محفوظ اور ذخیرہ کرنا بنیادی مسئلہ ہے، ملک میں صرف 30 دن کا پانی ذخیرہ کرنے کی گجائش موجود ہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پانی کے حساس مسئلے کو اجاگر کیا، جب کہ عوام کو بھی اس حوالے سے آگاہی دی گئی اور 14 اکتوبر تک ڈیمز فنڈز میں 6 ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، آبی وسائل بنانا وقت کی اہم ضرورت اور پانی کے ذخیرے کے لئے بڑے ذخائر کی تعمیر ناگزیر ہے۔